بھٹکل 10 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی شہریت اور او سی آئی [اوور سیز سٹیزن شپ آف انڈیا] اسٹیٹس رکھنے والے بھٹکل کے ارشاد قاضیا عرف علی شاہ (51 سال)ساکن بندر روڈ فرسٹ کراس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 2011 سے 2013 کے دوران ارشاد قاضیا پر درج بعض معاملات میں پولیس انہیں تلاش کر رہی تھی ۔ اورمحکمہ پولیس کا خفیہ جانکاری والا شعبہ ان کے چال چلن پر نگاہ رکھے ہوئے تھا۔ حال ہی میں ان کی بھٹکل آمد کی خفیہ جانکاری ملنے پر بھٹکل پولیس سرکل انسپکٹر دیواکر کی رہنمائی میں سب انسپکٹر بھرت کمار، سب انسپکٹر ایچ بی کوڈگنٹی کے علاوہ پولیس انٹلی جنس شعبہ کے نارائن نائک، مخدوم صاب پتے خان نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیوا پرکاش دیو راجو نے ٹویٹ کرتے ہوئے بھٹکل پولیس کے اس اقدام کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ امریکی پاسپورٹ اور او سی آئی اسٹیٹس رکھنے والے ارشاد احمد کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹس جاری ہوئے تھے ، اس لئے اس کی بھٹکل میں موجودگی کی خبر ملنے پر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ارشاد قاضیا عرف علی شاہ نے امریکہ میں مقیم رہتے ہوئے وہاں کی شہریت حاصل کی ہے اور وہاں تجارت میں مصروف ہیں ۔ لیکن ایک ذاتی اور گھریلو تنازع کی وجہ سے اکثرو بیشتر سوشیل میڈیا کی سرخیوں میں رہتے ہیں۔ حال ہی میں بھٹکل جماعت المسلمین، محکمہ قضاۃ کے تعلق سے انہوں نے ایک مراسلہ بھی بذریعہ ڈاک شہر کے بے شمار لوگوں کو بھیجا تھا، اور وہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس کے بارے میں عام لوگوں کا احساس ہے کہ اس میں قابل اعتراض نکات اٹھائے گئے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ ان کے قابل اعتراض سمجھے جانے والے بیانات اور سوشیل میڈیا پیغامات کے باوجود ان کے چاہنے والوں کا بھی ایک اچھا خاصا حلقہ بھٹکل میں موجود ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پرانے کیس میں گرفتاری کے بعد قید سے باہر نکل کر علی شاہ اس معاملے کی وضاحت کس انداز میں کرتے ہیں اور کیا موقف اختیار کرتے ہیں ۔